پاکستان نے بھارتی طیاروں کیلئے فضائی حدود کی بندش میں ایک ماہ کی توسیع کر دی

کراچی: پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔

پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے حکومت کی منظوری کے بعد نیا نوٹم جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ مسافر، کارگو، ملٹری اور پرائیویٹ طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود 23 جنوری 2026 تک بند رہے گی۔

نوٹم میں واضح کیا گیا ہے کہ بھارتی ایئرلائنز کے تمام طیاروں کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 23 اپریل 2025 سے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود بند کر رکھی ہے، جس میں مرحلہ وار توسیع کی جا رہی ہے، اور اس بندش کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو اب تک اربوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔