انسداد دہشتگردی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی

انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف اشتہاری کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

اے ٹی سی کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے 26 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے تھانہ رمنا میں درج مقدمے پر سماعت کی، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، صوبائی وزیر مینا آفریدی، شفیع اللہ آفریدی اور دیگر ملزمان نامزد ہیں۔

عدالت کی جانب سے متعدد بار طلبی کے باوجود ملزمان کے پیش نہ ہونے پر انہیں اشتہاری قرار دینے کے لیے قانونی کارروائی شروع کی گئی۔

یاد رہے کہ عدالت اس سے قبل بھی تھانہ نون میں درج ایک اور مقدمے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور دیگر کے خلاف اشتہاری کارروائی کا آغاز کر چکی ہے، جب کہ دونوں مقدمات کا تعلق احتجاجی سرگرمیوں سے بتایا گیا ہے۔