پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہی اے پی ایس کا حقیقی انصاف ہے، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی 11ویں برسی کے موقع پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی اس دلخراش سانحے کا حقیقی انصاف ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اے پی ایس کے شہداء نے وطن کے مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور یہ اندوہناک واقعہ پوری قوم کے لیے ایک کڑی آزمائش تھا، جس نے دلوں کو غم سے بھر دیا مگر قومی حوصلے کو پست نہ کر سکا۔

انہوں نے کہا کہ قوم شہداء کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج پاکستان ایک بار پھر دہشت گردی کے ناسور کا سامنا کر رہا ہے، جہاں ملک کے مختلف حصوں میں سیکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، تاہم ریاست، سیکیورٹی ادارے اور عوام متحد ہو کر دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بھرپور کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔