پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں شاندار فائر پاور مظاہرہ، ایف ایم 90 (این) ای آر میزائل کی کامیاب لائیو فائرنگ

پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں سطح آب سے فضا تک مار کرنے والے جدید ایف ایم 90 (این) ای آر میزائل کی کامیاب لائیو فائرنگ کے ذریعے اپنی جنگی صلاحیت اور آپریشنل تیاری کا شاندار مظاہرہ کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق، اس فائر پاور ڈسپلے کے دوران بحری جہاز نے انتہائی تیز رفتار اور مینوریبل فضائی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جس سے پاک بحریہ کی اعلیٰ جنگی تیاری اور دفاعی صلاحیتوں کی توثیق ہوئی۔

کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے سمندر میں موجود رہتے ہوئے لائیو فائرنگ کا مشاہدہ کیا اور فائرنگ میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ہر صورت ملکی سمندری دفاع اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔