جنرل باجوہ نے فیض حمید سے کہا رانا کو دوبارہ اسمارٹ بناؤ، رانا ثناء اللہ کا انکشاف

وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے ایک ملاقات کے دوران سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید سے کہا تھا کہ رانا بہت موٹا ہو گیا ہے، اسے دوبارہ اسمارٹ بناؤ۔

ایک انٹرویو میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دورِ حکومت میں تمام معاملات جنرل باجوہ، فیض حمید اور عمران خان کی مرضی سے ہی چل رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسا ممکن ہی نہیں کہ کوئی حاضر سروس افسر آرمی چیف کی مرضی کے بغیر جھوٹا مقدمہ بنائے اور اگلے دن اس کا کورٹ مارشل نہ ہو۔

رانا ثناء اللہ کے مطابق، ایک بریفنگ کے دوران جنرل باجوہ نے ان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ جیل میں تو تم بہت اسمارٹ تھے، اب کافی موٹے ہو گئے ہو، جس پر انہوں نے فیض حمید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رانا صاحب کو دوبارہ اسمارٹ بناؤ۔

رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ اس موقع پر انہوں نے جنرل باجوہ سے کہا کہ مجھ پر مقدمہ آپ نے ہی بنوایا تھا اور اللہ اس دنیا میں ہی اس کا حساب کرے گا۔