قوم برسوں فیض حمید اور جنرل باجوہ کے بوئے بیجوں کی فصل کاٹے گی، خواجہ آصف کا فیض حمید کی سزا پر ردعمل

اسلام آباد: سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائے جانے کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم برسوں تک جنرل فیض حمید اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے بوئے ہوئے بیجوں کی فصل کاٹے گی۔

خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ X پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ نتائج ان فیصلوں اور اقدامات کا تسلسل ہیں جنہوں نے ملک میں سیاسی عدم استحکام، انتشار اور ادارہ جاتی مسائل کو جنم دیا۔ انہوں نے مزید دعا کی کہ اللہ ہمیں طاقت اور اقتدار کو اس کی عطا سمجھ کر اس کی مخلوق کی خدمت میں استعمال کرنے کی توفیق دے اور حکمرانوں کے دلوں میں خوفِ خدا پیدا کرے۔

وزیر دفاع کا یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا ہے جب فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے فیض حمید کو سیاسی معاملات میں مداخلت، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور متعدد افراد کو نقصان پہنچانے کے الزامات ثابت ہونے پر 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔
سزا کا اطلاق 11 دسمبر 2025 سے ہوگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی 15 ماہ جاری رہی اور ملزم کو اپنی مرضی کی لیگل ٹیم اور تمام قانونی حقوق فراہم کیے گئے۔