اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ ملک کی ترقی جادو ٹونے سے نہیں بلکہ محنت، یکجہتی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے سے ممکن ہے۔ اسلام آباد میں قومی علما کنونشن سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی میدان میں تیزی سے بہتری کی طرف بڑھ رہا ہے، مگر دہشت گردی اور ترقی کا سفر ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔
تقریب میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب تک قوم میں اتحاد کی فضا قائم نہیں ہوگی، پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی قربانیوں کا تمسخر اڑایا جائے گا تو دنیا پاکستان کا احترام کیسے کرے گی؟ فوج کے خلاف زہر آلود پروپیگنڈا روکنا حکومت، علما اور پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
شہباز شریف نے ’’معرکۂ حق‘‘ میں کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی دعاؤں اور مسلح افواج کی لازوال قربانیوں سے دشمن کو عبرتناک شکست ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کے خلاف جنگ کو جرات و بہادری سے لیڈ کیا اور پاکستان کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت نے مل کر ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، جبکہ دہشت گردی نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں معصوم شہریوں کی جانیں لیں۔ ’’خوارج کے حملوں میں شہداء نے اپنی جانیں دے کر بے شمار پاکستانی بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا۔‘‘
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی کچھ مکاتب فکر ایک دوسرے کے پیچھے نماز پڑھنے سے انکار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے علما اپنا کردار ادا کریں کیونکہ داخلی انتشار ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے محنت، اتحاد اور سلامتی ناگزیر ہے۔ ’’نہ جادو، نہ کسی اور طریقے سے، صرف شب و روز محنت سے ہی ملک ترقی کرے گا۔‘‘

