پی ٹی آئی کے بانی کا سیاسی انجام ایم کیو ایم جیسا ہو سکتا ہے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف غداری کے مقدمے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا اور ان کا سیاسی انجام ایم کیو ایم اور بانی ایم کیو ایم سے مختلف نہیں ہوگا۔

رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس میں دیے گئے پیغام کی حکومت مکمل طور پر تائید کرتی ہے، اور یہ پیغام پی ٹی آئی کے لیے واضح وارننگ ہے کہ اگر اسے مذاق سمجھا گیا تو نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن سے ملاقات کے بعد سامنے آنے والے ٹوئٹ اور استعمال کیے گئے الفاظ نے صورتحال کی سنگینی کو واضح کر دیا ہے، اور جلسوں میں کی جانے والی تقاریر اور بیانات کے بعد مناسب جواب دیا جائے گا۔

رانا ثنا اللہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ عنقریب پاکستان تحریک انصاف اور اڈیالہ تحریک انصاف ہونے والا ہے، کیونکہ پارٹی کی اکثریت موجودہ صورتحال کا حصہ نہیں بنے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملے کرنے والے دہشت گردوں کے بیانیے کو بھارت، افغانستان اور پی ٹی آئی کے میڈیا نے ایک ساتھ اٹھایا۔