اسلام آباد: سینیٹر اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان بیرونِ ملک اور اندرونِ ملک دشمنوں کو بھرپور جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور اب ریاستی اداروں کے خلاف کسی بھی قسم کا بیانیہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے سخت مؤقف میں ان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے ہی بتا چکے ہیں کہ فوج اور اس کے سپہ سالار پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کی زبان بند کردی جائے گی اور ریاست نے واضح کر دیا ہے کہ جو ملک دشمن بیانیہ کو فروغ دے گا وہ غداری کے زمرے میں آئے گا۔
فیصل واوڈا نے مؤقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اور منصوبے بیرونی قوتوں، خصوصاً بھارت اور افغانستان کے تعاون سے ایک منظم سازش کے تحت چلائے جا رہے ہیں، جن کا مقصد ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔ ان کے مطابق ریاست نے دہشت گردوں، ملک دشمن عناصر اور عدم استحکام پیدا کرنے والوں کو پہلے ہی غدار قرار دے دیا ہے اور اب پاکستان، اس کی ریاست، اس کی فوج اور سپہ سالار کے خلاف کسی قسم کی "بکواس” برداشت نہیں کی جائے گی۔
سینیٹر واوڈا کا کہنا تھا کہ ریاست نے واضح پیغام دے دیا ہے کہ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی، لِتر، چھتر اور ڈنڈا پریڈ جیسے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے اپنا "سیاسی باپ” کھو دیا ہے وہ آج "لاوارث” بنے ہوئے ہیں اور اب غداری کے زمرے میں آ چکے ہیں۔
انہوں نے وی لاگرز، 9 مئی کے مبینہ بھگوڑوں اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کے لئے بھی سخت پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت پہلے ہی بین، نااہلی، گورنر راج اور غداری جیسے اقدامات کی پیشگوئی کر چکے تھے۔ ان کے مطابق دشمنوں کو ’’سڑک پر پٹّہ ڈالنے‘‘ کا وقت شروع ہو چکا ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ عوام اور قومی اداروں کو متحد رہ کر دشمن قوتوں کے خلاف مضبوط موقف اختیار کرنا ہوگا تاکہ پاکستان میں امن، استحکام اور قومی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

