ایمان، حوصلے اور عزم سے دہشتگردی کو شکست دیں گے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی

پشاور میں پولیس فورس اور سول افسران کے مشترکہ دربار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے میں ہر صورت امن بحال کیا جائے گا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ ایمان، حوصلے اور جدید وسائل کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا گزشتہ چار دہائیوں سے دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے مگر پولیس نے کم وسائل کے باوجود 21 سال تک بھرپور مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پولیس اور سول افسران کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کیلئے بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ، اینٹی ڈرون سسٹم اور جدید ٹیکنالوجی ہنگامی بنیادوں پر فراہم کی جارہی ہے۔ وسائل کی کمی کو سیکیورٹی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔

سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ افسران کے معاملات میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہوگی، تاہم نتائج دینا ضروری ہے۔ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی اور سرکاری افسران کی کارکردگی پرفارمنس انڈیکیٹرز کے مطابق ناپی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سیاست میں مداخلت کررہے ہیں حالانکہ یہ ان کا کام نہیں۔ ’’جن کا کام انصاف دینا ہے، وہ نہیں دیتے تو حالات خراب ہوتے ہیں۔‘‘ وزیراعلیٰ کے مطابق حکومت کا مقصد بنی گالا کے مؤقف کے تحت عوام کو ریلیف دینا اور عوامی مفاد میں فیصلے کرنا ہے۔

تقریب میں چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، انتظامی سیکرٹریز، پولیس افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی جبکہ شہدا کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔