فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کیمبرین پیٹرول مقابلے کی فاتح ٹیم سے ملاقات، شاندار کارکردگی پر زبردست خراجِ تحسین
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کیمبرین پیٹرول مقابلے میں شریک پاک فوج کی ٹیم نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، جہاں آرمی چیف نے دنیا کے مشکل ترین فوجی مقابلے میں شاندار کارکردگی پر ٹیم کو مبارکباد دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل نے ٹیم کی جسمانی برداشت، حربی مہارت، حکمت عملی میں مہارت اور بہترین ٹیم ورک کی تعریف کرتے ہوئے اسے پاک فوج کی اعلیٰ روایات کا مظہر قرار دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ٹیم کی کامیابی پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے اور اس نے پاکستان آرمی کے پیشہ ورانہ معیار اور کارکردگی کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسی عظیم کامیابیاں اس بات کی علامت ہیں کہ پاکستان آرمی سخت تربیت، نظم و ضبط اور پروفیشنلزم میں دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہے۔
اس موقع پر کیمبرین پیٹرول ٹیم کے شرکا نے بھی فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ ضبط، بے لوث لگن اور اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے ملکی دفاع میں اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لاتے رہیں گے۔

