پاکستان میں زیر سمندر تیل و گیس کی کھوج کے لیے اہم قدم

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ماڑی انرجیز کو 23 نئے زیر سمندر تیل و گیس بلاکس ایوارڈ کر دیے ہیں۔ کمپنی کو 18 بلاکس آپریٹر کے طور پر اور 5 بلاکس جوائنٹ وینچر پارٹنر کے طور پر دیے گئے ہیں۔

ماڑی انرجیز نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی آگاہ کیا کہ زیر سمندر تیل و گیس کی کھوج کے لیے مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کا اشتراک کیا جائے گا، جس میں پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی، ترکش پیٹرولیم اوورسیز، پرائم گلوبل انرجیز، اورینٹ پیٹرولیم، فاطمہ پیٹرولیم اور یونائیٹڈ انرجی شامل ہیں۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پہلے مرحلے میں تقریبا 80 ملین ڈالر سرمایہ کاری متوقع ہے، جو ڈرلنگ کے دوران ایک ارب ڈالر تک بڑھ سکتی ہے۔ کامیاب بولیاں تقریبا 53,510 مربع کلومیٹر رقبے پر مشتمل ہیں اور چار توانائی کمپنیاں جوائنٹ وینچر پارٹنر کے طور پر شامل ہیں۔ یہ منصوبہ مکران اور انڈس بیسن میں زیر سمندر تیل و گیس ذخائر کی کھوج کے لیے لگایا جائے گا۔