نئی امریکی ویزا پابندیاں: موٹاپے اور دیگر بیماریوں والے افراد ہو جائیں خبردار

واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے دنیا بھر کے امریکی سفارتخانوں کو نیا مراسلہ جاری کیا ہے، جس کے تحت موٹاپے، ذیا بیطس اور دیگر طبی مسائل میں مبتلا افراد کو امریکا کا ویزا جاری کرنے میں مشکلات پیش آئیں گی۔

مراسلے کے مطابق، ایسے افراد کو ‘پبلک چارج’ رول کے تحت ویزا مسترد کیا جا سکتا ہے، اگر امریکی حکومت کو خدشہ ہو کہ وہ یہاں آنے کے بعد سرکاری وسائل پر بوجھ بن سکتے ہیں۔ اس فہرست میں کینسر، دل کے امراض اور ذہنی بیماریوں میں مبتلا افراد بھی شامل ہیں۔

تاہم، اگر ویزا درخواست گزار یہ ثابت کر سکیں کہ وہ اپنے علاج کے اخراجات خود برداشت کر سکتے ہیں، تو ویزا جاری کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں موٹاپے کے شکار افراد کی تعداد 10 کروڑ سے زائد اور ذیا بیطس کے شکار افراد 3 کروڑ 80 لاکھ سے زائد ہیں، جس کے پیش نظر نئی پابندیاں بڑی تعداد میں افراد پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔