عمران خان پاکستانی تاریخ کے سب سے وی آئی پی قیدی ہیں، طلال چوہدری

اسلام آباد: سینیٹ اجلاس میں وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پاکستانی تاریخ کے سب سے وی آئی پی قیدی ہیں جنہیں جیل میں خصوصی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ پی ٹی آئی نے ۔

اجلاس میں سینیٹر فیصل جاوید نے عمران خان سے ملاقات نہ ہونے کا معاملہ ایوانِ بالا میں اٹھاتے ہوئے کہا کہ عمران خان کئی ہفتوں سے مکمل تنہائی میں رکھے گئے ہیں اور نہ اہلخانہ کو ملاقات کی اجازت دی جارہی ہے نہ وکلاء کو۔

طلال چوہدری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے پاس 6 بڑی بیرکس، باورچی، دیسی مرغ کا سالن اور ورزش کی مشینیں موجود ہیں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک میں کسی اور قیدی کے پاس یہ سہولیات نہیں‘‘۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی ڈرامہ رچانے کے لیے جیل کے باہر تماشہ لگاتی ہے، جبکہ ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد ان کے پاس کوئی کارکردگی نہیں بچی۔

طلال چوہدری کے اس بیان پر ایوان میں تحریکِ انصاف کے ارکان نے شدید احتجاج کیا۔ پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر بیرسٹر علی ظفر نے مطالبہ کیا کہ حکومت عمران خان سے ملاقات کے لیے واضح تاریخ دے، ورنہ وہ قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش نہیں کریں گے۔

بعدازاں، پی ٹی آئی کے شور شرابے کے باعث سینیٹ اجلاس کی کارروائی کل تک ملتوی کردی گئی۔