الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے نتائج کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات کے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔ قومی اسمبلی کی پانچ اور صوبائی اسمبلی کی سات نشستوں کے لیے کامیاب امیدواروں کو باقاعدہ طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والوں میں این اے 18 ہری پور سے بابر نواز خان، این اے 104 فیصل آباد سے دانیال احمد، این اے 129 لاہور سے محمد نعمان، این اے 143 سے محمد طفیل اور این اے 185 سے محمود قادر خان شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق، این اے 96 فیصل آباد سے طلال چوہدری کے بھائی بلال بدر کامیاب ہوئے ہیں، تاہم ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث ان کا نوٹیفکیشن روک دیا گیا ہے۔

صوبائی اسمبلی پنجاب کی نشستوں پر کامیاب امیدواروں میں پی پی 73 سے میاں سلطان علی، پی پی 87 سے علی حیدر نور، پی پی 98 سے آزاد علی تبسم، پی پی 115 سے محمد طاہر پرویز، پی پی 116 سے احمد شہریار، پی پی 203 سے محمد حنیف اور پی پی 206 سے میاں علمدار عباس شامل ہیں۔

واضح رہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کی مجموعی طور پر کامیاب امیدواروں میں 12 کا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہے جبکہ ایک امیدوار پیپلز پارٹی کے نمائندے کے طور پر کامیاب ہوا ہے۔