پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب 4 اکتوبر احتجاج کیس میں اشتہاری قرار

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو 4 اکتوبر احتجاج کیس میں پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے یہ فیصلہ مسلسل طلبی کے باوجود عدم پیشی کے بعد سنایا۔

اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کے دوران نہ صرف عمر ایوب کو اشتہاری قرار دیا بلکہ ان کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بھی فوری طور پر بلاک کرنے کا حکم جاری کردیا۔

عدالتی حکم کے تحت عمر ایوب کی جائیداد کی مکمل تفصیلات بھی طلب کر لی گئی ہیں تاکہ آئندہ قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔ عدالت نے واضح کیا کہ ملزم کی جانب سے عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے کے باعث یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ عمر ایوب کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت تھانہ نون میں مقدمہ درج ہے جس میں ان پر 4 اکتوبر کو مبینہ احتجاجی سرگرمیوں میں شمولیت اور امنِ عامہ میں خلل ڈالنے کے الزامات شامل ہیں۔

گزشتہ روز عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کو بھی ایک علیحدہ کیس میں اشتہاری قرار دیا تھا۔