دنیا اور بھارت نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا: رانا ثنا اللہ

فیصل آباد میں ضمنی انتخاب میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عوام مسلم لیگ ن پر اعتماد کرتے ہیں اور ضمنی انتخابات میں عموماً ٹرن آؤٹ 25 سے 30 فیصد کے درمیان رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے حلقے میں نہ کسی کو روکا گیا، نہ گرفتار کیا گیا اور کسی کو شکایت کا کوئی موقع نہیں ملا۔ ان کے مطابق، حلقے میں الیکشن کے باعث مریم نواز کو ڈویلپمنٹ پروجیکٹس کے اعلان سے بھی روکا گیا، تاہم تمام منصوبوں کی پلاننگ مکمل ہو چکی ہے اور کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔

عمران خان سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کبھی سیاست کی ہی نہیں، بدقسمتی ہے کہ انہیں لایا گیا۔ ان کے دور میں وہ کہتے تھے کہ کسی سے بات نہیں کریں گے اور سارا دھیان سیاسی مخالفین پر مقدمات پر تھا، جبکہ مسلم لیگ ن آج بھی سیاسی مکالمے سے مسائل حل کرنے کے حق میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے میثاقِ پاکستان پر بات کرنے کی پیشکش کی لیکن پی ٹی آئی کی جانب سے ڈائیلاگ کے بجائے ڈیڈ لاگ سامنے آیا۔

مئی میں بھارت کے ساتھ ہونے والی جھڑپ سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ نہ صرف دنیا بلکہ خود بھارت نے بھی تسلیم کیا کہ پاکستان نے اسے منہ توڑ جواب دیا ہے، جو ملک کی دفاعی صلاحیت اور پالیسی کی کامیابی کا ثبوت ہے۔