صدر مملکت آصف علی زرداری نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو نشانِ پاکستان سے نواز دیا

اسلام آباد کے ایوانِ صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے اردن کے فرمانروا اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر شاہ عبداللہ دوم کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز نشانِ پاکستان عطا کیا۔

تقریب کا آغاز دونوں ممالک کے قومی ترانوں سے ہوا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام، وفاقی وزرا اور سفرا نے شرکت کی۔

شاہ عبداللہ دوم کو یہ اعزاز پاکستان اور اردن کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے استحکام، علاقائی امن کے فروغ اور عالمی سفارتی تعاون میں نمایاں کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔ اس موقع پر شاہ عبداللہ نے بھی باہمی احترام کے اظہار کے طور پر صدر آصف علی زرداری کو اردن کا اعلیٰ ترین ریاستی ایوارڈ ’’وسامُ النّہضہ المرصّع‘‘ (آرڈر آف دی رینیسانس) عطا کیا، جو سربراہانِ مملکت کو دیا جانے والا اہم اعزاز ہے۔

تقریب سے قبل صدر آصف علی زرداری اور شاہ عبداللہ کے درمیان خصوصی ملاقات ہوئی جس میں خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سینیٹر شیری رحمان، ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر مصدق ملک اور اعلیٰ سفارتی حکام شریک تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور اردن کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے دفاع، تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی جیسے نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ صدر آصف زرداری اور شاہ عبداللہ دوم نے دو ریاستی حل کی بنیاد پر ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت پر زور دیا۔

شاہ عبداللہ دوم کا یہ دورہ پاکستان اور اردن کے قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔