اسلام آباد: اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے درمیان اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات بڑھانے اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر باہمی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کو دُہرایا۔
شاہ عبداللہ دوم نے غزہ تنازع اور جنگ کے بعد استحکام کی کوششوں میں اردن کے کردار کے لیے پاکستان کی حمایت کی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ کے حوالے سے پاکستان اور اردن کے اصولی مؤقف کو اجاگر کیا اور غزہ امن معاہدے کے حوالے سے 8 عرب اسلامی ممالک کے درمیان روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شاہ عبداللہ کو افغانستان اور بھارت کے ساتھ معاملات سے بھی آگاہ کیا، جبکہ شاہ عبداللہ نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں پاکستان کے کلیدی کردار کو تسلیم کیا۔
ملاقات کے بعد پاکستان اور اردن کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن میں میڈیا، ثقافت اور تعلیم کے شعبے شامل ہیں۔ تقریب میں دونوں رہنماؤں کے ساتھ وفاقی وزرا، خاتون اوّل آصفہ بھٹو زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ اردن کے شاہ عبداللہ دوم پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں نور خان ایئر بیس پر پُرتپاک استقبال کیا اور گارڈ آف آنر پیش کیا۔

