پاکستان میں پی ٹی اے کا وی پی این لائسنسنگ کا آغاز

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں وی پی این سروسز کی باقاعدہ لائسنسنگ کا آغاز کر دیا ہے اور اس حوالے سے پانچ سے زائد کمپنیوں کو کلاس لائسنس جاری کر دیے گئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد وی پی این کے استعمال کو قانونی، محفوظ اور منظم بنانا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق، لائسنس یافتہ کمپنیاں اب مجاز اور قانونی مقاصد کے لیے صارفین کو وی پی این سروسز فراہم کر سکیں گی۔ صارفین بھی اپنی ضرورت کے مطابق رجسٹریشن یا خریداری براہ راست ان لائسنس یافتہ کمپنیوں سے کر سکیں گے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وی پی این سروسز کی لائسنسنگ سے سائبر سیکیورٹی میں بہتری آئے گی، غیرقانونی استعمال کی روک تھام ممکن ہوگی اور صارفین کو محفوظ کنیکٹیویٹی فراہم کی جا سکے گی۔ یہ اقدام مجموعی طور پر ریگولیٹری فریم ورک کو مضبوط بنانے کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔