آزاد کشمیر میں بڑی سیاسی پیشرفت: وزیراعظم انوار الحق کے خلاف عدم اعتماد جمع

مظفرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد باضابطہ طور پر اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرا دی ہے۔ پارٹی قیادت نے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا، جس کے فوراً بعد اراکین اسمبلی کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ فوری طور پر مظفرآباد پہنچیں۔

پارٹی قیادت کے مطابق، نئے وزیراعظم کے لیے پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل فیصل راٹھور کو متفقہ امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ فیصل راٹھور کی نامزدگی کا اعلان اسلام آباد میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور پارلیمانی رہنما چوہدری یاسین نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

آئین کے مطابق تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد تین سے سات روز کے اندر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کرنا لازم ہے، جس میں تحریک پر رائے شماری کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے تحریک کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے اس تحریک میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، پاکستان میں آئینی ترمیم کی وجہ سے عدم اعتماد کی تحریک میں تاخیر پیش آئی تھی، تاہم اب پیپلز پارٹی کا دعویٰ ہے کہ انہیں ایوان میں 40 سے زائد اراکین کی حمایت حاصل ہے، جبکہ تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے کم از کم 27 ووٹوں کی ضرورت ہوگی۔

سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کی سیاست میں یہ پیشرفت اہم موڑ ثابت ہوسکتی ہے، اور آئندہ چند روز میں سیاسی منظرنامے میں بڑے فیصلے متوقع ہیں۔