اسلام آباد کچہری حملے کے سہولت کار اور ہینڈلر گرفتار

اسلام آباد: سکیورٹی اداروں نے اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس دھماکے کے سہولت کار اور ہینڈلر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، سہولت کار گزشتہ ایک ماہ سے راولپنڈی میں مقیم تھا جبکہ ہینڈلر کو خیبرپختونخوا سے گرفتار کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے اور انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، خودکش حملے سے قبل سہولت کار اور حملہ آور نے متعدد بار جوڈیشل کمپلیکس کا جائزہ لیا تھا۔

واضح رہے کہ اس خودکش دھماکے میں 12 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوئے تھے۔ سکیورٹی اداروں نے گزشتہ روز حملہ آور کو جوڈیشل کمپلیکس تک پہنچانے والے موٹرسائیکل رائیڈر کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔