بجلی نرخوں میں کمی کا پیکیج جلد متعارف کرائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی نرخوں میں کمی کے لیے پیکیج تیاری کے مراحل میں ہے، جس کا جلد اعلان کیا جائے گا۔

پاور ڈویژن کے امور پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اصلاحات کے ذریعے عوام کو بجلی کے نرخوں میں مزید ریلیف فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قابل تجدید توانائی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور شمسی توانائی سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ سولر آئزیشن پالیسی سے متعلق ابہام کو دور کیا جائے اور حقائق پر مبنی اعداد و شمار عوام کے سامنے رکھے جائیں۔

شہباز شریف نے اجلاس میں جنریشن کمپنیوں کے خاتمے سے متعلق قانونی اور دیگر معاملات جلد طے کرنے پر زور دیا، جبکہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی بھی ہدایت دی۔

حکومت جلد عوام کو بجلی نرخوں میں کمی کے حوالے سے بڑی خوشخبری دے سکتی ہے۔