پاکستانی قیادت کی سفارتی کوششوں سے مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی ممکن ہوئی، ایڈمرل نوید اشرف کا رسالپور میں خطاب

رسالپور: چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں منعقدہ پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی انتھک سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ہی مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی ممکن ہوئی ہے۔

نیول چیف کا کہنا تھا کہ ایران امریکہ حالیہ تنازع اور آبنائے ہرمز کی بندش کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی تھی، جس نے عالمی معیشت کے لیے سنگین خطرات پیدا کر دیے تھے، تاہم پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنا ثالثی کردار ادا کرتے ہوئے خطے کو مزید تباہی سے بچا لیا۔

انہوں نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایئر فورس جدید ترین ٹیکنالوجی، سائبر اور الیکٹرانک وار فیئر کی صلاحیتوں سے لیس ایک ناقابلِ تسخیر قوت بن چکی ہے، جس کا بھرپور مظاہرہ گزشتہ سال مئی میں دنیا نے دیکھا۔

ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملکی بحری سرحدوں کے دفاع میں نیوی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس نے ہمیشہ دشمن کی جارحیت کا دلیری سے مقابلہ کیا ہے۔

انہوں نے تاریخی حوالے دیتے ہوئے کہا کہ "معرکہ حق” میں پاک بحریہ نے بھارتی بحریہ کی عددی برتری کے باوجود اسے جارحیت سے باز رکھا اور اپنی سمندری حدود کا دفاع یقینی بنایا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن کسی بھی قسم کی مہم جوئی یا جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج ہمہ وقت تیار اور چاق و چوبند ہیں۔

انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے زور دیا کہ وہ جدید دفاعی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے خود کو ٹیکنالوجی کے بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ رکھیں۔

سفارتی ماہرین کے مطابق نیول چیف کا یہ بیان پاکستان کی اس اسٹریٹجک کامیابی کی توثیق کرتا ہے جس کے تحت اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے وفود کے درمیان مذاکرات کے ادوار منعقد ہو رہے ہیں۔

ایڈمرل نوید اشرف کے خطاب نے یہ واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کی عسکری قیادت نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے بلکہ عالمی سطح پر قیامِ امن کے لیے بھی اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے۔

تقریب میں پاک فضائیہ کے اعلیٰ افسران اور معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جہاں کیڈٹس نے اپنی شاندار پیشہ ورانہ تربیت کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔