اسلام آباد: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے “بھائی” کے وضاحتی مؤقف کو سراہتے ہیں۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر جاری بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ عباس عراقچی کی جانب سے اسلام آباد میں مذاکرات سے متعلق وضاحت کو مثبت پیش رفت سمجھتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے اسلام آباد میں ممکنہ مذاکرات میں شرکت سے انکار کر دیا ہے اور پاکستان کی سفارتی کوششیں تعطل کا شکار ہو گئی ہیں۔
تاہم ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران نے کبھی بھی اسلام آباد آنے سے انکار نہیں کیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران جنگ بندی کے لیے پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ امریکی میڈیا جنگ بندی سے متعلق خبروں کو غلط انداز میں پیش کر رہا ہے، جبکہ ایران ایک ایسے حل پر زور دیتا ہے جو جنگ کے مکمل اور پائیدار خاتمے کو یقینی بنائے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ردعمل کو خطے میں جاری سفارتی کوششوں کے تسلسل اور پاکستان کے مثبت کردار کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے مذاکرات کی راہ ہموار ہونے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔

