بھارت کی کسی بھی حرکت پر کولکتہ تک پہنچ جائیں گے، وزیر دفاع خواجہ آصف

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی جارحیت یا اشتعال انگیزی کی کوشش کی تو پاکستان بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس بار کسی بھی حرکت کا جواب دیتے ہوئے کولکتہ تک پہنچا جا سکتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کر رہا ہے اور اپنے ہی لوگوں یا قید پاکستانیوں کی لاشیں استعمال کر کے دہشت گردی کا ڈرامہ رچانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس طرح کی کسی بھی سازش سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر وقت دفاع وطن کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں بھی پاکستان نے بھرپور دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔

خواجہ آصف نے خطے میں امن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ برادر ممالک کے درمیان اتفاق اور ہم آہنگی ضروری ہے، تاہم کسی بھی خطرے کی صورت میں پاکستان اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں پاکستان ایک اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور امید ظاہر کی کہ پاکستان اپنی کوششوں میں کامیاب ہوگا۔