ملک بھر میں بارشوں کا امکان، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے 9 سے 16 مارچ کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج سے شمالی علاقوں میں داخل ہوگا اور 16 مارچ تک برقرار رہے گا۔

چترال، مری، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارشیں متوقع ہیں، جبکہ 10 مارچ کو اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، چارسدہ اور مردان میں بارش ہوگی۔ 12 سے 16 مارچ کے دوران پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے 14 اور 15 مارچ کو بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں برفباری سے سڑکیں بند ہو سکتی ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے ماہی گیروں، سیاحوں اور کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔