عون عباس بپی سینٹ میں پیش، اعجاز چوہدری غائب

سینیٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر عون عباس بپی کو پروڈکشن آرڈر پر پیش کیا گیا، جبکہ سینیٹر اعجاز چوہدری کو مسلسل عدم پیشی پر معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔

عون عباس بپی نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپنی گرفتاری کی تفصیلات بتائیں اور پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، انہیں زدوکوب کیا گیا، اور پانچ ہرنوں کے شکار کے الزام میں عدالت میں پیش کیا گیا۔ تاہم، انہوں نے شدید افسوس کا اظہار کیا کہ اعجاز چوہدری کو پروڈکشن آرڈر کے باوجود پیش نہیں کیا گیا۔ بپی نے احتجاجاً اپنے پروڈکشن آرڈر منسوخ کرنے اور جیل واپس جانے کا اعلان کیا۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے اعجاز چوہدری کی عدم پیشی کا معاملہ استحقاق کمیٹی کو بھیجنے کی رولنگ دے دی۔