داعش کمانڈر گرفتار، امریکا کے حوالے

پاک افغان سرحد پر خصوصی آپریشن میں بڑی کامیابی!۔

پاکستان نے امریکی انٹیلی جنس کی اطلاع پر عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے کمانڈر شریف اللہ کو گرفتار کر لیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان شہری شریف اللہ عرف جعفر، جو 2021 کے کابل ایئرپورٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا، اسپیشل آپریشن کے دوران حراست میں لیا گیا۔

امریکی ویب سائٹ کے مطابق، امریکی حکام کو اس گرفتاری کی اطلاع دس روز قبل دی جا چکی تھی۔ رپورٹ کے مطابق، نئے سی آئی اے ڈائریکٹر نے عہدہ سنبھالتے ہی کابل دھماکے کا معاملہ پاکستانی انٹیلی جنس حکام کے ساتھ اٹھایا تھا اور میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں بھی اس پر بات کی گئی تھی۔

امریکی ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پٹیل نے تصدیق کی کہ دہشت گرد شریف اللہ کو باضابطہ طور پر امریکا کے حوالے کر دیا گیا ہے اور اسے آج ورجینیا کی وفاقی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 2021 میں کابل ایئرپورٹ پر خودکش حملے میں 13 امریکی فوجی اور 170 افغان شہری ہلاک ہوئے تھے۔