پاک بحریہ کا یو اے ای میں شاندار استقبال، پی این ایس یرموک کی دفاعی نمائش میں شرکت

بین الاقوامی دفاعی نمائش میں 65 ممالک کی شرکت، پاک بحریہ کے جہاز یرموک کا پرتپاک استقبال۔

پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے بین الاقوامی دفاعی نمائش (IDEX) اور بحری دفاعی نمائش (NAVDEX 25) میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا، جہاں پاکستانی سفارتخانے کے حکام اور بحری نمائش کے سربراہ نے اس کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔

نمائش میں 65 ممالک نے شرکت کی، جبکہ 8 ممالک کے بحری جہاز بھی اس ایونٹ کا حصہ بنے۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) نے نمائش میں شریک اعلیٰ شخصیات سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے رواداری، رومانیہ اور یمن کے وزرائے دفاع سمیت کئی اہم شخصیات نے پی این ایس یرموک کا دورہ کیا اور پاکستان بحریہ کے عالمی میری ٹائم سیکیورٹی میں فعال کردار کو سراہا۔

پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے دورے کے دوران UAE کی بحریہ کے جہاز الامارات کے ساتھ مشترکہ مشقیں بھی کیں، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات اور علاقائی سمندری تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔