اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کا کلیدی کردار نمایاں ہو کر سامنے آیا ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی کوششوں کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سفارتی محاذ پر پاکستان کا مؤثر کردار اجاگر کیا، جبکہ پاکستان دنیا میں ایک ذمہ دار اور باوقار ملک کے طور پر سامنے آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی فورمز پر پاکستان کی موجودگی اور مؤقف کو بھرپور پذیرائی ملی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے، جس کے باعث عالمی برادری میں اس کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت سے بھارت میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی مفاد ہر صورت مقدم ہے اور کوئی سیاسی جماعت یا شخصیت ریاست سے بالاتر نہیں ہو سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ تنقید جمہوری حق ہے لیکن سیاسی مخالفت میں ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانا قابل قبول نہیں۔
وزیر اطلاعات نے بعض سیاسی عناصر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستان کے خلاف مہمات چلانا اور ریاستی اداروں کے خلاف بیانیہ بنانا ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان ڈیفالٹ کر جاتا تو اس کے اثرات پوری قوم کو بھگتنا پڑتے، تاہم موجودہ حکومت نے معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک سنجیدہ اور قابل اعتماد ملک کے طور پر ابھر رہا ہے اور حکومت ملک کے استحکام، سلامتی اور ترقی کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

