وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کا اہم رابطہ، خطے کی صورتحال اور امن پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور کشیدگی کے اثرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امن و استحکام سے متعلق امور اور جاری سفارتی کوششوں پر بھی گفتگو کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی سلامتی اور خودمختاری پر حملوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اور مضبوطی سے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے عید الفطر کے موقع پر سعودی قیادت، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم نے خطے میں کشیدگی کم کرنے، فوری جنگ بندی اور مسلم دنیا میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا جبکہ پاکستان کی جانب سے امن کے لیے جاری سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔