یومِ پاکستان پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام، اتحاد اور قومی استحکام پر زور

اسلام آباد: یومِ پاکستان کی 86 ویں سالگرہ کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اتحاد، استحکام اور قومی عزم کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ 1940 وہ تاریخی دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے قراردادِ پاکستان منظور کی اور ایک آزاد وطن کا خواب پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے بزرگوں کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی بدولت پاکستان قائم ہوا۔

صدر مملکت نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے وقت ملک کو بے شمار چیلنجز کا سامنا تھا مگر قوم نے باہمی تعاون اور محنت سے ان مشکلات پر قابو پایا اور ہر شعبے میں کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مضبوط ادارے قائم کیے، دفاعی صلاحیت کو ناقابلِ تسخیر بنایا اور جوہری قوت حاصل کی، جبکہ دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ میں بھی کامیابیاں سمیٹیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی ملک کو اندرونی و بیرونی چیلنجز درپیش ہیں اور قومی اتحاد ہی ان کا مؤثر حل ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ پاکستان ایک تاریخ ساز دن ہے جب مسلم قیادت نے ایک آزاد ریاست کے قیام کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سفر ایک نوزائیدہ ریاست سے جوہری طاقت بننے تک عزم اور استقامت کی داستان ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے چیلنجز کے باوجود معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا، افراطِ زر میں کمی آئی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مثبت اقتصادی اعشاریے ملک کے درست سمت میں آگے بڑھنے کی نشاندہی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے ملکی آزادی اور خودمختاری کے دفاع میں مصروف ہیں جبکہ دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیاں قومی عزم کی علامت ہیں۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متحد ہو کر پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال ملک بنایا جائے گا۔