یومِ پاکستان پر آئی ایس پی آر کا خصوصی نغمہ “میری مٹی میری جان” جاری

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے یومِ پاکستان کے موقع پر ایک خصوصی ملی نغمہ جاری کر دیا ہے جس کا عنوان “میری مٹی میری جان، پاکستان زندہ باد” رکھا گیا ہے۔

23 مارچ کی مناسبت سے جاری کیے گئے اس نغمے میں وطن کی مٹی سے محبت، قربانی اور جذبۂ ایثار کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ نغمے کے بول حب الوطنی اور قومی وابستگی کی گہری ترجمانی کرتے ہیں، جو خصوصاً نوجوان نسل کے دلوں میں وطن سے محبت کو مزید تقویت دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

نغمے میں قومی یکجہتی، پاکستانیت اور اجتماعی فخر کے جذبات کو نمایاں کیا گیا ہے، جبکہ حالیہ قومی کامیابیوں کے تناظر میں اسے مزید مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے نوجوانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے انہیں ملک کی ترقی اور استحکام میں کردار ادا کرنے کا پیغام بھی دیا گیا ہے۔

یہ نغمہ عید کے پرمسرت موقع پر خوشیوں کے ساتھ ساتھ قومی فخر اور وابستگی کے احساس کو بھی اجاگر کرے گا۔

واضح رہے کہ اس سال یوم پاکستان سادگی اور وقار کے ساتھ منایا جائے گا، جس میں پرچم کشائی کی سادہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ کفایت شعاری پالیسی کو بھی برقرار رکھا جائے گا۔