آپریشن غضب للحق: قندھار میں افغان طالبان کا ٹیکنیکل سپورٹ انفراسٹرکچر تباہ

اسلام آباد: پاک فوج نے آپریشن غضب للحق کے تحت افغانستان میں مؤثر فضائی کارروائی کرتے ہوئے قندھار میں افغان طالبان کے ٹیکنیکل سپورٹ انفراسٹرکچر اور ایکوپمنٹ اسٹوریج کو تباہ کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 14 اور 15 مارچ کی درمیانی شب پاک افواج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج سے منسلک دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور بعض فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں دہشت گردوں کے ٹیکنیکل سپورٹ انفراسٹرکچر اور ایکوپمنٹ اسٹوریج مراکز کو مؤثر انداز میں تباہ کیا گیا، جہاں سے دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے معاونت اور منصوبہ بندی کی جاتی تھی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تباہ کیے جانے والے انفراسٹرکچر اور اسٹوریج مراکز کو افغان طالبان اور دیگر دہشت گرد عناصر استعمال کر رہے تھے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ آپریشن غضب للحق کے تحت کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک تمام اہداف حاصل نہیں ہو جاتے اور سرحدی سلامتی کو مکمل طور پر یقینی نہیں بنا لیا جاتا۔