افغان طالبان کے پاکستانی چوکیوں پر قبضے کے دعوے من گھڑت ہیں، وزارت اطلاعات

اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات پاکستان نے افغان طالبان کی نام نہاد افغان وزارت دفاع کی جانب سے پاکستان کی چوکیوں پر قبضے اور نقصانات کے دعوؤں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا۔

وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کی طرف سے پھیلایا گیا یہ دعویٰ دراصل افغان عوام کو گمراہ کرنے کی ایک کوشش ہے، حالانکہ افغانستان کے عوام خود دہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کی وزارت اطلاعات مسلسل افغان طالبان اور ان کی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج کے نقصانات اور ہلاکتوں کے بارے میں اپ ڈیٹ فراہم کر رہی ہے، تاہم دہشت گردوں اور ان کے معاون ڈھانچے کے خلاف جاری کارروائیوں کی تفصیلات جاری کرنے میں احتیاط برتی جا رہی ہے۔

وزارت اطلاعات نے واضح کیا کہ دہشت گرد گروہوں اور بھارتی میڈیا یا سوشل میڈیا نیٹ ورکس کی جانب سے کیے جانے والے دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ افغان طالبان رجیم کے الزامات کے حق میں اب تک کوئی قابلِ اعتماد اور قابلِ تصدیق ثبوت سامنے نہیں آیا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ جب بھی ان دعوؤں کی جانچ پڑتال کی گئی تو وہ ہمیشہ غلط ثابت ہوئے، اس لیے ایسے پروپیگنڈے کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔