اسلام آباد: پاک فوج کی جانب سے افغانستان کی اشتعال انگیزی کے جواب میں جاری آپریشن غضب للحق کے تحت اہم کارروائی کرتے ہوئے قندھار ایئر فیلڈ کی آئل اسٹوریج سائٹس کو تباہ کردیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق 12 اور 13 مارچ کی شب کیے گئے حملوں میں قندھار ایئر فیلڈ پر موجود آئل ڈمپ سائٹس کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کی ویڈیوز بھی جاری کر دی گئی ہیں جن میں حملوں سے پہلے اور بعد کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان آئل اسٹوریج سائٹس کو افغان طالبان اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں اپنی کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہی تھیں، اسی وجہ سے انہیں ہدف بنایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق کے تحت پاک فوج دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنا رہی ہے اور یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک مقررہ اہداف حاصل نہیں ہو جاتے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی اشتعال انگیزی کا مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔

