وزیراعظم شہباز شریف کا عوام کو بڑا ریلیف، پیٹرولیم مصنوعات مہنگی نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو بڑا ریلیف دے دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عام آدمی پر بوجھ کم کرنے کے لیے اس مرتبہ پیٹرول اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی ہفتہ وار قیمتوں میں ردوبدل کی سمری موصول ہونے کے بعد بیان جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس بار اضافہ عوام تک منتقل نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے وعدے کے مطابق مشکل حالات میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی معیشت اس وقت دباؤ کا شکار ہے جس کے اثرات پاکستان کی معیشت پر بھی پڑنے کا خدشہ ہے۔ وزیراعظم کے مطابق بروقت پالیسی سازی، مالی نظم و ضبط اور حکومتی بچت اقدامات کے ذریعے اس صورتحال سے نمٹنے کی کوشش جاری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ غریب آدمی پر بوجھ کم کرنے کے لیے اصلاحات کا آغاز اشرافیہ اور حکومت سے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت کے بچت اقدامات میں صوبائی حکومتیں بھی بھرپور تعاون کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سفارتی اور معاشی ٹیم کی کوششوں کے نتیجے میں ملک کی ضروریات کے لیے خام تیل کی مناسب مقدار دستیاب ہے۔ وزیراعظم کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ کوئی بھی دکاندار یا پمپ حکومت کی مقررہ قیمت سے زائد وصولی نہ کرے۔

دوسری جانب حکومتی ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 50 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 75 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز زیر غور تھی، تاہم وزیراعظم نے یہ بوجھ عوام پر منتقل کرنے سے روک دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ حکومت خود اس اضافے کا بوجھ برداشت کرے گی۔