اسلام آباد میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ، اہم شاہراہیں بند، پولیس ہائی الرٹ

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ شہر کی متعدد اہم شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی صورتحال کے باعث پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ پر ہیں اور شہر بھر میں سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد سمیت تمام ڈی آئی جیز اور سینئر افسران خود فیلڈ میں موجود ہیں اور سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے اور گاڑیوں کی مکمل تلاشی لی جا رہی ہے۔

گندم گودام، ایران ایونیو، روات ٹی کراس اور بہارہ کہو کے علاقوں میں خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں مشکوک افراد اور گاڑیوں کی سخت جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون جانے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کھلا رہے گا جبکہ دیگر تمام داخلی راستے بند رہیں گے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ایران ایونیو کے تمام داخلی و خارجی راستے بند ہیں جبکہ چاند تارہ فلائی اوور سے سری نگر ہائی وے کے راستے سرینا چوک تک ٹریفک معطل رہے گی اور آبپارہ سہروردی روڈ بھی مکمل طور پر بند ہے۔

اسی طرح رجب طیب اردوان فلائی اوور سے جناح ایونیو، کلثوم پلازہ چوک، سیونتھ ایونیو پل، فضل حق روڈ اور جیو چوک تک سڑکیں بند رہیں گی جبکہ حاجی کیمپ چوک سے اسلام آباد چوک تک روڈ بھی مکمل بند ہے۔

آئی جے پی روڈ کے مختلف حصوں سمیت کئی سروس روڈز بھی بند کر دی گئی ہیں جبکہ کلب روڈ اور پارک روڈ کے بعض حصوں کو سنگل سائیڈ ٹریفک کے لیے کھلا رکھا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، متبادل راستے استعمال کریں اور سفر سے پہلے ٹریفک کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں۔