اسلام آباد: شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 19 مارچ کو طلب کرلیا گیا ہے جس میں عیدالفطر کے چاند کی رویت سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوگا جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علما، محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔
اجلاس کے دوران ملک بھر سے موصول ہونے والی چاند دیکھنے کی شہادتوں کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد شوال کے چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی متعلقہ شہروں میں منعقد ہوں گے جہاں مقامی سطح پر چاند کی رویت سے متعلق موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لیا جائے گا اور اس بارے میں مرکزی کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔
ادھر سپارکو کے مطابق شوال کا چاند 19 مارچ کو صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوگا جبکہ اسی روز غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے 41 منٹ ہوگی۔
سپارکو کا کہنا ہے کہ 19 مارچ کی شام چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں جس کے باعث رواں سال 30 روزے ہونے کا امکان ہے اور عیدالفطر 21 مارچ کو ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے تاہم چاند کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

