پاک فوج کی افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری، اہم ٹھکانے تباہ

اسلام آباد: پاک فوج کی جانب سے سرحدی علاقوں میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر جوابی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ متعدد اہم ٹھکانوں اور پوسٹوں کو تباہ کردیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افواج نے ارندو اور کرم سیکٹر میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی اہم پوسٹوں اور مراکز کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی ٹھکانے تباہ ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان مؤثر حملوں کے بعد افغان طالبان کے جنگجو پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے جبکہ پاک فوج صرف سرحدی علاقوں میں موجود عسکری ٹھکانوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا رہی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان کی جانب سے بلااشتعال کارروائیوں کے جواب میں پاک فوج نے آپریشن غضب للحق کے تحت زمینی اور فضائی کارروائیاں بھی کیں۔

اس آپریشن کے دوران پکتیکا میں شاہین بیس کے ایمونیشن ڈپوز کو تباہ کردیا گیا جبکہ شوال اور جنوبی وزیرستان سے ملحقہ افغان سرحدی علاقوں میں موجود پوسٹوں کو بھی دھماکا خیز مواد کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے نتیجے میں فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کے متعدد کارندے اپنے ٹھکانے چھوڑ کر فرار ہوگئے جبکہ پاک فوج کی کارروائیاں اہداف کے حصول تک جاری رہیں گی۔