کراچی: علاقائی سمندری سلامتی کی بدلتی صورتحال اور اہم بحری راستوں کو لاحق ممکنہ خطرات کے پیش نظر پاک بحریہ نے آپریشن محافظ البحر کا آغاز کردیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد قومی جہاز رانی، سمندری تجارت اور توانائی کی ترسیل کو درپیش خطرات سے نمٹنا اور اہم بحری راستوں کو محفوظ بنانا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس آپریشن کا بنیادی مقصد قومی توانائی کی سپلائی کے بلا تعطل بہاؤ اور اہم سمندری مواصلاتی راستوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ کے اسکارٹ آپریشنز پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے ساتھ قریبی تعاون اور رابطے کے تحت انجام دیے جا رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ موجودہ سمندری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ ان کی محفوظ اور پرامن آمد و رفت کو یقینی بنایا جاسکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی تقریباً 90 فیصد تجارت سمندر کے ذریعے انجام پاتی ہے، اس لیے اس آپریشن کا بنیادی مقصد اہم سمندری راستوں کو محفوظ اور مستحکم رکھنا ہے۔ اس وقت پاک بحریہ کے جہاز دو تجارتی جہازوں کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں جن میں سے ایک کے آج کراچی پہنچنے کی توقع ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ ابھرتے ہوئے سمندری سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور قومی جہاز رانی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ علاقائی سمندری سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

