خیبرپختونخوا میں 2 ماہ کے لیے فیول کنزرویشن اور رسپانسبل گورننس اقدامات کی منظوری، سرکاری میٹنگز 100 فیصد ورچوئل ہوں گی

خیبرپختونخوا: صوبائی حکومت نے توانائی بچت اور وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے دو ماہ کے لیے فیول کنزرویشن اور رسپانسبل گورننس انیشی ایٹو نافذ کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں سرکاری محکموں میں میٹنگز کو 100 فیصد ورچوئل کرنے اور دفاتر میں 50 فیصد ورک فرام ہوم پالیسی نافذ کرنے کی منظوری دی گئی۔

معاون خصوصی اطلاعات شفیق جان کے مطابق سرکاری گاڑیوں کے فیول الاؤنس میں 25 فیصد کمی کی منظوری دی گئی ہے جس سے مجموعی کٹوتی 50 فیصد ہو گئی ہے۔ پولیس، ریسکیو اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کٹوتی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ کابینہ نے وی آئی پی پروٹوکول گاڑیوں اور ہیلی کاپٹر کے غیر ضروری استعمال میں کمی، سرکاری اخراجات میں کفایت شعاری اور غیر ضروری تقریبات اور ڈنرز پر پابندی کی بھی منظوری دی۔

جمعہ کے دن تعلیمی ادارے بند رکھنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ فیول کے استعمال میں کمی کی جا سکے، اور ورچوئل کلاسز کو ترجیح دی جائے گی۔ پیٹرول پمپس کی روزانہ مانیٹرنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ کسانوں اور گندم کی کٹائی کے لیے ڈیزل کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ توانائی بحران اور پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر سب سے پہلے حکمران اور ریاستی ادارے اپنی مراعات کم کریں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے، اور ہر وہ فیصلہ جس سے عوام پر بوجھ پڑے، اس کی مخالفت کی جائے گی۔