معاشی استحکام کیلئے تمام ضروری فیصلے کریں گے، وزرا اور سرکاری ملازمین کفایت شعاری اختیار کریں: وزیراعظم
شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو ہر ممکن استحکام فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری فیصلے کیے جائیں گے جبکہ وزرا اور سرکاری ملازمین کو سادگی اور کفایت شعاری اختیار کرنا ہوگی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ملکی معیشت کے استحکام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں عالمی کشیدگی کے ممکنہ معاشی اثرات، توانائی کی صورتحال اور کفایت شعاری سے متعلق تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ علاقائی صورتحال کے باعث توانائی کی فراہمی اور عالمی منڈیوں میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کا خدشہ موجود ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرول، ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی حالات کے پیش نظر بروقت معاشی اقدامات ناگزیر ہیں اور حکومت عوامی مفادات کے تحفظ اور قومی معیشت کے استحکام کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
انہوں نے وزرا، منتخب نمائندوں اور سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور قومی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کفایت شعاری اور بچت کی پالیسی صنعت اور زرعی شعبے پر لاگو نہیں ہوگی تاکہ ملکی پیداوار اور برآمدات متاثر نہ ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں قومی وسائل کا دانشمندانہ استعمال ناگزیر ہے اور کفایت شعاری کا بوجھ معاشرے کے تمام طبقات کو برداشت کرنا ہوگا۔ انہوں نے اشرافیہ اور مراعات یافتہ طبقات کو معاشی ایڈجسٹمنٹ میں خود مثال قائم کرنے کی تاکید بھی کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کفایت شعاری اور بچت کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا۔

