پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 15 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پہلا آپریشن بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں خفیہ اطلاع پر کیا گیا جہاں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو گھیر کر مؤثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 12 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
دوسری کارروائی ضلع بسیمہ میں کی گئی جہاں فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کا سراغ لگا کر فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے مزید 3 دہشتگردوں کو مار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد مختلف دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور سکیورٹی فورسز کو مطلوب تھے۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

