9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس: عمر ایوب، مراد سعید، حماد اظہر اور ذلفی بخاری سمیت 47 اشتہاری ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا
راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 47 اشتہاری ملزمان کو 10، 10 سال قید اور 5، 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اپنے فیصلے میں ملزمان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔
سزا پانے والوں میں عمر ایوب خان، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوزب، راشد شفیق، شہباز گل اور ذلفی بخاری سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ملزمان جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پر حملوں میں ملوث پائے گئے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ میں انہیں 9 مئی کے پرتشدد احتجاج کی منصوبہ بندی میں مرکزی کردار قرار دیا گیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان پر جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس پر حملوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد ہیں۔ اس مقدمے میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی سمیت مجموعی طور پر 118 ملزمان پر دسمبر 2024 میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
عدالت کے مطابق مقدمے میں استغاثہ کے 44 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں جبکہ متعدد ملزمان ٹرائل کے دوران عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ اشتہاری قرار دیے گئے 47 ملزمان کا علیحدہ ٹرائل انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت چلایا گیا۔
عدالت نے اشتہاری ملزمان کو 7 دن کے اندر عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کا موقع دیا تھا، تاہم عدالتی احکامات اور اشتہارات کے باوجود کوئی ملزم پیش نہ ہونے پر عدالت نے سزا سنانے کا فیصلہ جاری کیا۔

