مشرقِ وسطیٰ کشیدگی: وزیراعظم کا اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

موجودہ عالمی اور علاقائی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن اور تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کل دونوں ایوانوں کے قائدین حزبِ اختلاف اور پارلیمانی لیڈرز کو اِن کیمرہ بریفنگ دیں گے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بریفنگ میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ کشیدگی، ایران پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور پاکستان کی خارجہ پالیسی پر تفصیلی آگاہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مغربی سرحد پر افغان طالبان رجیم کے خلاف جاری کارروائی پر بھی سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

وزیراعظم نے اپوزیشن قائدین اور پارلیمانی رہنماؤں کو صبح 11 بجے مدعو کیا ہے، تاہم ذرائع کے مطابق اپوزیشن تاحال وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی بریفنگ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کر سکی۔ حکومتی وفد کے ساتھ ملاقات میں اپوزیشن قیادت نے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بریفنگ پارلیمنٹ کے اِن کیمرہ اجلاس میں دی جائے تاکہ تمام اراکین کو یکساں طور پر آگاہ کیا جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ قومی اہمیت کے معاملات پر مکمل پارلیمانی مشاورت ضروری ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ مختلف جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز اور اپوزیشن رہنماؤں سے رابطے کریں گے، جبکہ حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد قومی سطح پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا اور خطے میں بدلتی صورتحال پر مشترکہ حکمت عملی طے کرنا ہے۔