صیہونیت انسانیت کے لیے خطرہ، ایران پر جنگ مسلط کرنا اسرائیلی اثر پاکستان تک لانے کی سازش ہے: خواجہ محمد آصف
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے صیہونیت کو انسانیت کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر جنگ مسلط کی گئی اور اس کے پیچھے اسرائیلی ایجنڈا کارفرما ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فلسطین کی سرزمین پر اسرائیل کے قیام سے لے کر آج تک اسلامی دنیا پر آنے والی ہر آفت اور جنگ کے پس منظر میں صیہونی نظریہ نظر آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صیہونیت ایک صدی سے عالمی معاشی نظام پر اثرانداز رہی ہے اور بڑی طاقتیں بھی اس کے زیر اثر ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ معاہدے پر آمادگی کے باوجود ایران پر جنگ مسلط کی گئی۔ ایجنڈا یہ ہے کہ اسرائیلی اثر و رسوخ کو پاکستان کی سرحد تک لایا جائے۔ ان کے مطابق افغانستان، ایران اور بھارت کا مشترکہ مقصد پاکستان کو غیر محفوظ بنانا اور اسے چاروں طرف سے گھیرنا ہو سکتا ہے، اس لیے قوم کو اس سازش کو سمجھنا ہوگا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور ہماری مسلح افواج کی صلاحیت کا اعتراف دنیا کرتی ہے۔ انہوں نے ان شخصیات اور سائنس دانوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور ایٹمی تجربات کے ذریعے دنیا کو یہ باور کرایا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے اسلامی دنیا میں اتحاد و اتفاق کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے دعا کی کہ فلسطین آزاد ہو اور پاکستان ہمیشہ مضبوط اور محفوظ رہے۔

