پاکستان کا بحری سلامتی کے لیے مشترکہ کاوشوں کی اہمیت پر زور۔
کراچی: پاکستان کی میری ٹائم سیکیورٹی مشق "سی گارڈ 25” کراچی میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ مشق کا مقصد مختلف اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے اور ردعمل کے طریقہ کار کو مزید بہتر بنانا تھا، جس میں پاکستان کی مختلف سیکیورٹی ایجنسیوں اور نجی شعبے کی اہم شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق، "سی گارڈ 25” کا مقصد بین الاقوامی اور قومی سطح پر میری ٹائم سیکیورٹی کے چیلنجز کا مؤثر جواب دینے کے لیے مختلف اداروں کے درمیان اشتراکِ عمل کو مزید مستحکم کرنا تھا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف (آپریشنز) وائس ایڈمرل راجا رب نواز نے بحری شعبے کے تمام قومی اسٹیک ہولڈرز کے مابین تعاون کے لیے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان کی بحری قوت کی جانب سے محفوظ بحری ماحول کے قیام کے لیے کیے گئے عزم اور فعال کردار کو سراہا۔
اس موقع پر ڈی بریف سیشن کے دوران عملی مشقوں اور مباحثوں کے تجزیئے پر مبنی سفارشات بھی پیش کی گئیں تاکہ پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کی حفاظت میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
مشق سی گارڈ 2025 اس سلسلے کی دوسری مشق تھی، جس کے ذریعے پاکستان کے مختلف اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا گیا۔ اختتامی تقریب میں پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی، پاکستان کوسٹ گارڈز، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن، اینٹی نارکوٹکس فورس، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی، کراچی پورٹ ٹرسٹ اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے سینئر حکام کے علاوہ نجی شعبے اور ماہی گیر برادری کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

