پاک بحریہ کے سربراہ کا ملائیشیا کا دورہ، بحری تعاون اور سیکیورٹی شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بحری سیکیورٹی اور دفاعی سفارت کاری کے فروغ کے عزم کے تحت ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے رائل ملائیشین نیوی کی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔

اس دورے کا مقصد خطے میں بدلتی ہوئی بحری صورتحال کے تناظر میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانا تھا۔

رائل ملائیشین نیوی ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر سربراہ پاک بحریہ کا استقبال ان کے ملائیشین ہم منصب ایڈمرل تان سری (ڈاکٹر) ذوالحلمی بن اثنین نے کیا جبکہ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پیچیدہ اور تیزی سے بدلتے بحری ماحول میں تزویراتی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا اور آپریشنل تعاون بڑھانے، استعداد کار میں اضافے اور ابھرتے ہوئے میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔

ایڈمرل نوید اشرف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرولز اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں پاک بحریہ کی مسلسل شرکت کو علاقائی استحکام کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار بحری ریاست کے طور پر خطے کی سلامتی کے لیے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔

انہوں نے نیشنل ہائیڈروگرافک سینٹر کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں ادارے کی تکنیکی صلاحیتوں اور بحری سلامتی میں اس کے کردار سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر انہوں نے ہائیڈروگرافی کو مؤثر بحری آپریشنز کی بنیاد قرار دیتے ہوئے ملائیشیا کے نیشنل ہائیڈروگرافک سینٹر اور پاکستان کے نیشنل ہائیڈروگرافک آفس کے درمیان پیشہ ورانہ تربیت اور ڈیٹا کے تبادلے سمیت ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

مشترکہ اقدار اور دیرینہ تعلقات پر استوار پاکستان اور ملائیشیا کے بحری روابط وقت کے تقاضوں کے مطابق مضبوط ہو رہے ہیں اور دفاعی ماہرین کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان مستقبل سے ہم آہنگ شراکت داری کو نئی سمت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔